لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویرقاسم نے کہا ہے کہ ایک انسان کو بچانا تمام انسانیت کو بچانے کے برابر ہے اور خون کا عطیہ دینا عظیم صدقہ جاریہ اور عین عبادت ہے۔یہ بات انہوں نے یوای ٹی بلڈ ڈونرز سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے یوتھ کلب کے راجہ ضیاالحق اور طہ ابن جلیل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سوسائٹی ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر آصف رفیق ، پروفیسر ڈاکٹر یوسف انور، سوسائٹی کے صدر طلحہ نے شرکت کی۔ڈاکٹر تنویرقاسم کہا کہ یوای ٹی کے طلباء و طالبات نے معصوم زندگیاں بچانے کے عظیم مشن میں اپنے خون کے عطیات دیکر بھرپور حصہ لیا۔ ہمارے نوجوان انسانیت کی بے لوث خدمت میں کسی سے کم نہیں۔ ہمارے نوجوان قیمتی اثاثے ہیں جو ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ ملک بھر کی تمام یونیورسٹیوں کالجوں کے نوجوان طلباء نے ہمیشہ ہر کال اور ہر مشکل حالات میں تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے بڑی تعداد میں خون کے عطیات دیئے۔