راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی پریس کانفرنس سے جڑواں شہروں میں بھونچال کی سی کیفیت پیدا ہو گئی۔ لیاقت علی چٹھہ گریڈ20 کے افسر ہیں جو یکم نومبر 1992ء پنجاب پبلک سروس کمشن کے ذریعے مجسٹریٹ بھرتی ہوئے تھے۔ 27 جنوری 2023ء کو انہیں پنجاب کی نگران حکومت نے کمشنر راولپنڈی تعینات کیا تھا وہ سوہیانوالہ تحصیل و ضلع حافظ آباد کے رہنے والے ہیں۔13 مارچ 1964ء کو پیدا ہونے والے کمشنر راولپنڈی نے60 سال مکمل ہونے پر اگلے ماہ13 مارچ کو ریٹائر ہونا ہے، لیاقت علی چٹھہ پنجاب میں اہم پوسٹوں پر تعینات رہے۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد بھی فرائض انجام دئیے۔ سی ایم سیکرٹریٹ میں بھی تعیناتی رہی، ان کے گھرانے کے افراد سیاست میں بھی ہیں لیاقت علی چٹھہ نے اپنی ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے سے26 روز قبل اپنی سروس اور منصب سے استعفی دے دیا۔ استعفے کی کاپی گورنر پنجاب، وزیراعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوائی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر کمشنر راولپنڈی کے امریکہ کے پانچ سالہ ویزے کی نقل بھی گردشِ کرتی رہی۔ جو ان کی پریس کانفرنس سے چار روز قبل13 فروری کو2029 ی تک کیلئے جاری ہوا ہے۔ کمشنر کی پریس کانفرنس کے بعد ان کی پولیس کی جانب سے گرفتاری اور کمشنر ہائوس میں نظربند کرنے کی خبریں چلیں لیکِن سٹی پولیس آفس راولپنڈی نے اس خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر بھی زیرگردش رہی کہ کمشنر راولپنڈی کے لاہور میں کسی بڑی سیاسی شخصیت سے رابطہ تھا۔