اسلام آباد (این این آئی) پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں اتحادیوں سے مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس ضمن میں سابق صدرِ مملکت و پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نیا وزیرِ اعلی ہر صورت ایک جیالا ہی ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کا بلوچستان کے نو منتخب ارکانِ اسمبلی سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت آصف علی زرداری نے کی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلوچستان میں حکومت سازی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلوچستان کے نو منتخب ایم پی ایز اور سینئر قیادت نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان نے اتحادی حکومت بنانے کے لیے بات چیت کا اختیار آصف زرداری کو دے دیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان سے پیپلز پارٹی کے نو منتخب ارکانِ صوبائی اسمبلی کا اسلام آباد میں سرفراز بگٹی کی قیام گاہ پر اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر نو منتخب رکنِ بلوچستان اسمبلی صادق عمرانی نے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو اکثریت دی ہے تو حکومت بنانا ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کے اتحاد میں شامل ہو گی، پارٹی قیادت جسے وزیرِاعلی نام زد کرے گی وہ ہم سب کو قبول ہو گا۔
بلوچستان کا وزیراعلیٰ ہر صورت جیالا ہو گا، زرداری، منتخب نمائندوں نے حکومت بنانے کا اختیار دیدیا
Feb 18, 2024