الزامات سیاسی کیریئر بنانے کی کوشش، تحقیقات ہو گی: الیکشن کمشن پنجاب حکومت

Feb 18, 2024

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + خصوصی رپورٹر) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی نے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق جھوٹ بولا ہے میں ان کے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔ میری کمشنر راولپنڈی سے انتخابات کے معاملے پر کبھی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انہوں نے میرا نام لے کر جھوٹ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر راولپنڈی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمشن پر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرتا اور الیکشن کمشن کے کسی عہدے دار نے الیکشن نتائج کی تبدیلی کے لئے کمشنر راولپنڈی کو کبھی بھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ سکندر سلطان راجا نے مزید کہا کہ کسی بھی ڈویژن کا کمشنر نہ تو ڈی آر او، آر او یا پریذائیڈنگ افسر ہوتا ہے اور نہ ہی الیکشن کے کنڈکٹ میں اس کا کوئی براہ راست کردار ہوتا ہے۔ تاہم الیکشن کمشن اس معاملے کی جلد از جلد انکوائری کروائے گا۔ سکندر سلطان راجا نے مزید کہا کہ کمشنر راولپنڈی سے جولائی 2023ء میں بات ہوئی تھی اس کے علاوہ ایک مرتبہ ان سے رابطہ جب راولپنڈی کے نتائج آچکے تھے اس کے بعد شام کو ان کی فون کال آئی۔ انہوں نے کوئی بات کرنی تھی لیکن الیکشن پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی کے دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ محسن نقوی نے الزامات کی تحقیقات اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی آزادانہ انکوائری کرائی جائے گی۔ اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ دریں اثناء نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کمشنر راولپنڈی کی دماغی صحت پر سوال اٹھا دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات کے ساتھ ان کی دماغی حالت پر بھی تحقیقات ہونگی۔ تحقیقات ہونگی کہ کیسے اس دماغی کیفیت کا شخص اتنے اہم عہدے تک پہنچا، جب دھاندلی ہو رہی تھی تب خودکشی یا پھانسی لینے کا کوئی خیال نہیں آیا۔ شاید کل کے دن میں کمشنر راولپنڈی کا کسی نے ذہن بنایا ہے جتنی بڑی لیڈ سے ہرانے کے کمشنر دعوے کر رہے ہیں اتنے مارجن کا ا لزام تو ہارنے والوں نے بھی نہیں لگایا۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن کی طرف جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمشن کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشن کے معزز اراکین شریک ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ممبر الیکشن کمشن پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ اس ہنگامی اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر غور کیا گیا اور ان الزامات کی چھان بین کے لیے ایک اعلی سطحی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے قائم کی جانے والی کمیٹی کی صدارت سینئر ممبر الیکشن کمشن کریں گے جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قانون شامل ہوں گے۔کمیٹی راولپنڈی کے ضلعی ریٹرننگ افسران اور متعلقہ ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم بند کر کے تین دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمشن کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمشن اور دیگر قانونی کارروائی کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں