حافظ آباد(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے ضلعی راہنما اور سابق ناظم یونین کونسل سادھوکی عمردراز گوندل کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے الزام میں پولیس نے 14ملزمان اختر نواز، زبیر ، سانول الطاف ، حسنین ، علی شیر، سلیمان، علی حسن، احمد وغیرہ کے خلاف درج کرلیا۔تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ہے۔ لیگی راہنما عمردراز گوندل گاڑی میں سوار ہوکر رسم حنا کی تقریب میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ راستہ میں گھونکی کے قریب 14مسلح ملزمان نے انکی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے انہیں ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کو رنج تھا کہ عمردراز گوندل انکے مخالفین کی سپورٹ کرتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈی پی او فیصل گلزار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دی دی ہیں ۔دوسری جانب عمردراز گوندل کی نماز جنازہ انکے آبائی گائوں کوٹ غازی میں اداکی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ عمردراز گوندل کا ضلع بھر میں انکی شرافت اور متانت کی وجہ سے احترام کیاجاتاتھا۔
حافظ آباد:لیگی رہنما عمردراز گوندل قتل کے الزام میں 14ملزموںکیخلاف مقدمہ
Feb 18, 2024