کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 9 کی مہم کا فاتحانہ آغاز کر دیا، پشاور زلمی کو اپنے پہلے ہی میچ میں 16 رنز سے شکست دے دی۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف دیا۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے، اوپننگ جوڑی نے ابتدائی ہی میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 157 رنز کا آغاز فراہم کیا. سعود شکیل نے 47 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جیسن رائے 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ریلی روسو 14، شیرفین رتھرڈورڈ 20، محمد وسیم جونئیر 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 جبکہ لیوک ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنا سکی، بابر 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔