ہائیڈرل پیداوار صرف 650 میگاواٹ رہ گئی، 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان

Jan 18, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور + حافظ آباد (نیوز رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت) بجلی کی طلب و رسد میں فرق بے قابو ہونے سے شدید سردی کے موسم میں بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، بجلی کی پیداواری کمپنیوں کو ادائیگیاں نہ ہونے اور پانی کی قلت کے باعث بجلی کا خسارہ بڑھتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 18 گھنٹے تک کر دیا گیا۔ ارسا کی جانب سے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں مزید کمی کے باعث ہائیڈرل کی پیداوار کم ہو کر صرف ساڑھے چھ سو میگاواٹ رہ گئی ہے ۔ ارسا نے ڈیموں سے پانی کا اخراج پانی کی آمد سے بھی کم کر دیا ہے۔ تقسیم کار کمپنیوںکی حکمت عملی کے مطابق گرڈ سٹیشنوں میں مرمت کے نام پر لاہور کے مختلف علاقوں میں مسلسل 10 گھنٹے بجلی غائب رہنا بھی معمول بن چکا ہے۔ گذشتہ روز لاہورکے مختلف علاقوں کے 66 فیڈرز صبح نو بجے سے لیکر شام تک بند رکھے گئے۔ حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں بھی 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ صورتحال پر تاجروں اور شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
مزیدخبریں