بہاولنگر (نمائندہ نوائے وقت) محکمہ بلڈنگ کی ملی بھگت ، ناقص میٹریل سے تعمیر شدہ سرکاری سکول کی زیر تعمیر چھت کا لینٹر دھماکے سے گر گیا، اہل علاقہ اور طلبہ میں شدید خوف و ہراس، ڈی سی او سمیت کسی بھی انتظامی افسران نے دورہ کر نا بھی مناسب نہ سمجھا، کسی کو بھی گرے ہوئے لینٹر والے حصے میں جانے نہ دیا، مذکورہ ٹھیکیدار نے لینٹر کا خرچہ کم کر نے کیلئے سکول کی دیوار کو توڑ دیا جس سے سکیورٹی خدشات انتہائی ہو گئے۔ ماڈل ٹائون میں موجود سرکاری سکول کی سیکورٹی کا اللہ حافظ، وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول واقع X بلاک ماڈل ٹائون میں اضافی کمروں کی تعمیر ہو رہی تھی چھت پر ڈالا ہوا لینٹر دھماکے سے گر گیا ۔ اہل علاقہ اور طلبہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا سکول انتظامیہ اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے سکول کے اس متاثرہ حصے میں ہر شخص کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ مذکورہ چھت پر انتہائی ناقص میٹریل استعمال ہوا تھا جس میں سکول انتظامیہ اور کشن مافیا کی ملی بھگت شامل تھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایک طرف حکومتی ہدایت پر تمام تعلیمی اداروں کی سیکورٹی انتہائی سخت کی ہوئی ہے جبکہ مذکورہ سکول میں سیکورٹی کی بجائے ٹھیکیدار نے عقبی دیوار 2 ماہ سے توڑی ہوئی ہے عوامی ، سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے اس واقعہ میں ملوث سکول انتظامیہ اور ٹھیکیدار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔علاوہ ازیں میڈیا نے جب مذکورہ محکمہ کے افسران اور ٹھیکیدار سے مئوقف لینے کیلئے موبائل فون پر رابطہ کیا تو وہ کوئی معقول جواب نہ دے سکے ، ٹال مٹول سے کام لیتے رہے اور موبائل فون بند کر دیا۔دریں اثناء سکول میں پڑھنے والے بچوں کے والدین میں محمد وقاص، محمد افتخار، فہیم احمد، زبیر، علی احمد ، محمد شریف و دیگر نے شدید احتجاج کیا اور اپنے بچوں کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے میڈیا کے توسط سے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے مذکورہ محکمہ اور ٹھیکیدار کے خلاف کاروائی کی جائے اور انتظامیہ کی ملی بھگت اور روایتی سستی کے خلاف سخت نوٹس لیا جائے۔