ٹوکیو (این این آئی+ اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری پر پُرکشش اور مسابقتی منافع کی پیشکش کرتے ہیں، جلد ہی آٹو پالیسی کا اعلان کر رہے ہیں، جاپانی کمپنیوں کو مخصوص اقتصادی زونز کے قانون 2012ء سے استفادہ کرنا چاہئے، حکومت توانائی بحران کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، بحران ہونے سے سرمایہ کاری بڑھے گی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے جاپان پاکستان بزنس کارپوریشن کمیٹی (جے پی بی سی سی) کی رکن کمپنیوں کے وفد نے چیئرمین تیروآسادا کی قیادت میں ملاقات کی۔ اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتاح اسمعیل، ٹوکیو میں جاپانی سفیر اور وزارت خزانہ اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ آسادا نے بتایا کہ کمیٹی کی رکن کمپنیاں پاکستان میں اقتصادی ترقی کا جائزہ لے رہی ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت کی جرأتمندانہ پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستانی معیشت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کے ساتھ دوبارہ کام شروع کرچکے ہیں۔ انہوں نے جاپانی تاجر برادری سے کہا کہ وہ اپنے کاروبار کو پاکستان تک توسیع دیں۔ انہوں نے خطے کے روابط میں اضافہ کے حوالے سے پاکستانی کردار اور حکومتی اداروں کی نجکاری کے حوالے سے بھی بتایا۔
بیرونی سرمایہ کاروں کو مسابقتی منافع کی پیشکش کرتے ہیں: اسحاق ڈار
Jan 18, 2015