گوجرانوالہ (نمائندہ خصو صی) نوبیاہتا جوڑا کوئلے کی انگیٹھی سے کمرے میں دھواں بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگیا۔ دولہا ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا جبکہ دلہن کو تشویشناک حالت کے باعث طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نوشہرہ روڈ کے خرم کی شادی دو روز قبل فیصل آبادکی سمیرا سے ہوئی تھی۔ گذشتہ شب سردی کے باعث دونوں میاں بیوی اپنے کمرے میں کوئلوں کی انگیٹھی جلا کر سو گئے تھے۔ علی الصبح جب اہل خانہ نے کمرے کا دروازہ کھولا تو خرم اور سمیرا بے ہوشی کی حالت میں پڑے تھے جن کو اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے خرم کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جبکہ سمیرا کو تشویشناک حالت کے باعث طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع جب اہل خانہ کو پہنچی تو خوشیوں بھرے گھر میں صف ماتم بچھ گئی اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔کھیالی کے علاقہ اسد کالونی کے رہائشی گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے آڈٹ آفیسر رانا افضل کی بیوی سمیرا کچن میں کھانا گرم کر رہی تھی، اس دوران پائوں کی ٹھو کر لگنے سے پاس پڑی پٹرول کی بوتل جلتے چولہے پر جا گری جس سے آگ بھڑک اٹھی جس کی لپیٹ میں آکر دونوں میاں بیوی بری طرح جھلس گئے۔ اطلاع ملنے پرریسکیو اہلکاروں نے مو قع پر پہنچ کر رانا افضل اور اسکی بیوی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں سے انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے باعث لاہور ریفر کردیا گیا۔
گوجرانوالہ: کمرے میں گیس بھر جانے سے دولہا جاں بحق، دلہن کی حالت تشویشناک
Jan 18, 2015