بجلی اور گیس بندش کیخلاف احتجاج‘ فرنس آئل کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو گئے‘ لوڈشیڈنگ بڑھنے کا خدشہ

Jan 18, 2015

لاہور + کراچی (نیوز رپورٹر +نامہ نگاران+سٹاف رپورٹر)  لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی، گیس بندش جاری۔ لاہور  کے ایک چوتھائی علاقوں میں گیس کی  مکمل بندش کا سلسلہ  ختم نہ ہوسکا، اقبال ٹاؤن (گلشن بلاک) نیلم بلاک، الحمد کالونی، مصری شاہ، یتیم خانہ، بند روڈ، سمن آباد، اچھرہ، شاہدرہ جوہر ٹاؤن، ملتان  روڈ گڑھی شاہو، مغل پورہ، جلو موڑ، شاہ کمال، شادمان، اندرون  لاہور، ملتان  روڈ سے ملحقہ اتفاق ٹاؤن، منصورہ، رانا ٹاؤن، عثمان پارک، حسیب پارک، گوشہ احباب، جمیل ٹاؤن اور گلشن پارک و دیگر میں صارفین  کو مسائل کا سامنا ہے، دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتیں بھی قابو سے باہر، بعض علاقوں میں 150 روپے سے 170 روپے فی کلو میں دستیاب ہو رہی ہے۔ ننکانہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق  شہر بھر میں  سوئی گیس کی بدترین بندش اور کم پریشر کا سلسلہ جاری۔ خواتین کو کھانا پکانے میں مشکلات، معصوم طلبا و طالبات ناشتہ کئے بغیر ہی سکول کالجز جانے پر مجبور، شہریوں نے وزیراعظم  سے مطالبہ کیا ہے ننکانہ میں گیس  لوڈشیڈنگ کا فی الفور نوٹس لیں۔ جڑانوالہ میں گیس پریشر کم اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج، مقامی ایم پی اے آفس کا گھیراؤ۔ محلہ سلطان پارک اور محلہ اسلام پورہ سمیت علاقہ مکینوں  نے واٹر ورکس  روڈ پر مسلم لیگ (ن)  کے مرکزی دفتر مقامی ایم پی اے اور معاون خصوصی  وزیراعلیٰ رائے حیدر خاں کھرل  کے دفتر کے باہر گیس کا پریشر کم ہونے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ  کے خلاف خالی برتن اٹھا کر مظاہرہ کیا گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ علاوہ ازیں پٹرول کے بعد ملک میں فرنس آئل کے ذخائر بھی خطرناک حد تک کم ہوگئے بجلی کے بحران کا خدشہ بڑھ گیا۔اس وقت پی ایس او کے پاس صرف 4 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل رہ گیا ہے، پارکو کے پاس 15 اور ہائیکو کے پاس بھی 15 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل رہ گیا ہے، واپڈا کے پاس 4 دن کے ذخائر ہیں۔ صورتحال کا اثر کے الیکٹرک پر نہیں پڑے گا۔ بحران پر قابو پانے کے لئے پی ایس او نے 15  ارب روپے کے فرنس آئل کے دو جہاز منگوائے ہیں۔

مزیدخبریں