اسلام آباد (عمران علی کنڈی/ نیشن رپورٹ) پاکستان امریکہ کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی 70 کروڑ ڈالر سے زائد کی دو اقساط مارچ تک جاری کرنے پر قائل کر رہا ہے۔ فنانس سیکرٹری ڈاکٹر وقار مسعود نے ہفتہ کے روز ”دی نیشن“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت مارچ سے پہلے امریکہ سے اتحادی سپورٹ فنڈز کی دو اقساط جاری کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ امریکہ اگر دوسری قسط ادا کرنے پر راضی نہ بھی ہوا تو مارچ سے پہلے پاکستان کو ایک قسط تو یقینی طور پر مل جائیگی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے جان کیری کے حالیہ دورہ کے دوران ان سے بھی اتحادی سپورٹ فنڈ کی روکی گئی اقساط جاری کرنے کی بات کی ہے۔ پاکستان 2014-15ءکے دوران اس فنڈ کی دو قسطیں وصول کرچکا ہے۔ گزشتہ سال اگست میں 37 کروڑ 14 لاکھ اور اکتوبر میں 37 کروڑ ڈالر کے فنڈز پاکستان کو مل چکے ہیں۔ مالی سال کی رواں سہ ماہی (جنوری تا مارچ) میں کولینش سپورٹ فنڈز کی ایک یا دو قسطیں ملنے سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ اسوقت زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 6 کروڑ ڈالرز ہیں جن میں سے 10 ارب 37 کروڑ سٹیٹ بنک کے پاس ہیں۔ گزشتہ ماہ سکوک بانڈ کی نیلامی اور آئی ایم ایف کی جانب سے فنڈز کی دو قسطیں ملنے سے زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب سے تجاوز کر گئے ہیں۔
سپورٹ فنڈز
پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی دو قسطیں مارچ سے پہلے ملنے کا امکان
Jan 18, 2015