اسلام آباد (صباح نیوز) سربراہ جمعیت علماء اسلام و چیئرمین قومی کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو لبرل اور سیکولر ریاست کسی صورت نہیں بننے دیںگے اس کی راہ میں مدارس دینیہ سب سے بڑی رکاوٹ ہیں مدارس کے خلاف پروپیگنڈے سامراجی طاقتوں کی ایما پر ان کے مقامی لبرل اور سیکولر ایجنٹ ہی کرتے ہیں۔ مدارس دینیہ رشدوہدایت کے مراکز ہیں اسلامی سیاست میں علماء کرام کوکردار ادا کرنا ہوگا وطن عزیز کو مسائل سے نکالنے کیلئے نسل نوکی فکری بنیادوں پر تربیت ضروری ہے برصغیر میں اسلام کی اشاعت میں خانقاہوں کا اہم کردار ہے دینی مدارس کے طلبہ اپنے اساتذہ اور مراکز سے رابطے میں رہیں اور وطن عزیز میں نفاذ اسلام کے لئے پرامن جدوجہدکریں مدارس دینیہ نے پاکستان سے ناخواندگی کی شرح کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دارالعلوم زکریا ترنول اسلام آباد میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مدارس دینیہ کے طلبہ اپنے کردار اور اعمال کی وجہ سے پورے معاشرے میں نمایاں ہوتے ہیں یہی وجہ ہے ہر دور حکومت میں مدارس کے خلاف پروپیگنڈے کیے گئے مگر مدارس کے اجلے کردار اور حب الوطنی کی وجہ سے انکے کردار کونہ صرف تسلیم کیا گیا کہ بلکہ پروپیگنڈے بھی دم توڑگئے۔ دشمن قوتیں پاکستان اور دین اسلام کو مٹانے کیلئے مغربی قوتوں کیساتھ مل کر نقصان پہنچانا چاہتی ہیں لیکن ہمارا عزم ہے کہ ایسی قوتوں کو کسی صورت میں انکے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
پاکستان کو کسی صورت لبرل اور سیکولر ریاست نہیں بننے دیں گے: فضل الرحمن
Jan 18, 2016