قصور (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت) قصور کا تھانیدار گدھے کی کھالوں کے کاروبار میں ملوث نکلا ڈی پی او نے سوا کروڑ روپے کی 1620گدھوں کی کھالیں ’’ہضم‘‘ کرنے کے الزام میں ایس ایچ او بی ڈویژن تھانہ ملک کفایت کو معطل کرکے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔ مذکورہ تھانیدار انکوائری رپورٹ آنے تک معطل رہیگا۔ ڈی پی او علی ناضر رضوی نے صحافیوں کو بتایا کہ گدھے کی کھالیں عدالت کے حکم پر گودام میں سیل کردی گئی ہیں۔ واضح رہے ایس ایچ او مذکورہ نے کچھ عرصہ قبل نور الٰہی مسیح نامی تاجر کے گودام پر چھاپہ مارکر گدھے کی کھالیں برآمد کی تھیں اور مقدمہ درج کیا مگر سابق یونین ناظم میاں خبیب نے آر بی او شیخوپورہ کو دی گئی درخواست میں الزام لگایا کہ ایس ایچ او ملک کفایت نے برآمد شدہ گدھے کی کھالیں 8 ہزار روپے فی کھال کے حساب سے سوا کروڑ روپے میں ایک پارٹی کو فروخت کردیں۔ ایس ایچ او ملک کفایت کے مطابق میاں خبیب ذاتی رنجش پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ انہیں معطل کیا گیا نہ انکے خلاف انکوائری چل رہی ہے۔