پشاور (بیورو رپورٹ) دہشت گردوں اور اغوا کاروں سے نمٹنے کیلئے قائم محکمہ انسداد دہشت گردی کے دو درجن سے زائد اہلکاروں کو اغوا برائے تاوان کے ملزمان دھوکہ دے کر فرار ہوگئے جبکہ پولیس اہلکار ایک دوسرے کا منہ تکتے رہ گئے۔ ایک ہفتہ قبل سوات کے 20سالہ نوجوان سعید کو نامعلوم اغوا کار حاجی کیمپ اڈہ پشاور سے اغوا کرکے اس کے اہل خانہ سے کروڑوں روپے تاوان طلب کررہے تھے اور بعد ازاں 23لاکھ روپے پر راضی ہوگئے۔ گزشتہ روز جب مغوی کے اہل خانہ اغوا کاروں کو 23لاکھ روپے دینے حاجی کیمپ اڈہ پشاور پہنچے تو سی ٹی ڈی کے 6سے 8پولیس موبائل اور درجنوں اہلکار اڈہ کے آس پاس تعینات تھے۔ اغوا کاروں نے جب مغوی سعید کو اپنی گاڑی سے نکالا تو سی ٹی ڈی اہلکار اغوا کاروں کی گاڑی طرف بڑھے تو ملزموں نے تیز رفتاری سے گاڑی بھگادی۔ پولیس نے گاڑی کا تعاقب بھی کیا لیکن ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔