نیویارک (بی بی سی) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ شہروں میں آلودگی کی سطح زہریلی حد تک پہنچ گئی ہے۔ ادارے کی پبلک ہیلتھ کی سربراہ ڈاکٹر ماریا نیرا نے کہا ہے قبل از وقت اموات اور دل و دماغ کی امراض جیسی طویل مدتی بیماریوں کی شکل میں اس بحران کی بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔ دو ہزار شہروں سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق بہت سے لوگ عالمی ادارہ صحت کی مقررہ کردہ حد سے کہیں زیادہ آلودگی کے ماحول میں زندگیاں گزار رہے ہیں۔ ڈاکٹر نیرا نے حکومتوں پر زور دیا ہے وہ ناقص فضا کے باعث لوگوں کو لاحق خطرے سے نمٹنے کی ذمہ داری لیں۔ تحقیق کے مطابق یہ آلودگی دنیا میں مرنے والے ہر آٹھویں فرد کی موت کی وجہ ہے اور اس کی وجہ سے دنیا بھر میں صرف 2012ءمیں 70 لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔ نصف سے زیادہ اموات لکڑی اور کوئلے کے چولہوں سے اٹھنے والے دھوئیں کی وجہ سے ہوئیں۔ مکانات کے اندر کھانا پکانے کے عمل کے دوران اٹھنے والے دھویں سے خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ اگر صرف کھانا پکانے کے لیے محفوظ چولہے ہی فراہم کر دیے جائیں تو دنیا میں لاکھوں افراد کی جانیں بچ سکتی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے بیرونی فضائی آلودگی چین اور بھارت جیسے ممالک کے لیے بڑا مسئلہ ہے جہاں تیزی سے صنعت کاری ہو رہی ہے۔
آلودگی