صنعاء (صباح نیوز) یمن میں اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں اور زمینی فورسز کی تازہ کارروائیوں میں باغی حوثی گروپ کے ایک اہم لیڈر سمیت 54 افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔ جبکہ یمن کے شہر عدن میں خودکش کار بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ملک کی شمالی گورنری صعدہ میں فضائی حملوں کے نتیجے میں 30 حوثی باغی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ اتحادی طیاروں نے صعدہ میں حوثیوں کے زیرقبضہ ضحیان ڈاریکٹوریٹ کو نشانہ بنایا جبکہ مغربی شہر تعز سے ذرائع نے 10 حوثیوں کے ہلاک ہونے کی خبر دی ہے جبکہ گولہ باری سے 8جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تعز میں حیفان کے مقام پر حکومتی فورسز نے زمینی کارروائی کرتے ہوئے علی عبداللہ صالح اور حوثی باغیوں کے متعدد ٹھکانوں پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں کئی جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے۔ حیفان میں مزاحمت کاروں نے جبل الخراص کے مقام پر باغیوں کے ٹھکانوں پر ہاون راکٹوں سے حملہ کر کے تین حوثی ہلاک اور متعدد زخمی کر دیئے۔ یمن کی وسطی گورنری البیضا میں حکومتی فوج نے مشعبہ دبان کے مقام پر گھات لگا کر حوثیوں پر حملہ کر دیا جس میں باغیوں کو پانچ لاشیں چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔اب گورنری میں بھی پانچ حوثی باغیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔دارالحکومت صنعا میں حکومتی فورسز کی کارروائی میں حوثیوں کے اہم لیڈر بشارالموئید اور اس کے کئی دوسرے ساتھیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ الموئید کو صنعا کے وسط میں شاہراہ الزبیری پر فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک کیا گیا۔ ادھریمن کے شہر عدن میں خودکش کار بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔