دھند چھائی رہی‘ پروازیں شدید متاثر‘ ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق‘ 14 زخمی

لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران+ آن لائن) پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا سلسلہ برقرار رہا اور دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے موٹروے کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ پروازیں بھی بدستور متاثر رہیں۔ ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حد نگاہ صفر ہونے کے باعث لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے کی جانب آنے والی تمام ٹریفک کو جی ٹی روڈ کی طرف منتقل کر دیا گیا جبکہ دھند کے بار بار آنے سے ٹریفک شدید متاثر ہورہی ہے۔ ترجمان موٹروے نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے کہا ہے مسافر سفر کے دوران فوگ لائٹس روشن رکھیں اور لاہور سے راولپنڈی کی طرف سفر کرنے والے مسافر قافلے کی صورت میں سفر کریں۔ نیشنل ہائی وے پر مریدکے، راولپنڈی، اسلام آباد، نارووال، گوجرانوالہ، قصور سمیت کئی شہر بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی شدید دھند کے باعث حد نگاہ 30 میٹر سے بھی کم ہو گئی جس کی وجہ سے بے نظیر انٹر نیشنل ائر پورٹ پر اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہے۔ شدید دھند کے باعث کراچی، کوئٹہ اور گلگت سے آنے والی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں جبکہ دوبئی، جدہ، مدینہ منورہ، شارجہ، کوپن ہیگن، لندن، مانچسٹر، استنبول، کویت اور دوہا سے آنے والی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ بھاگٹانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث دو موٹر سائیکل ٹرک کے ساتھ ٹکرانے سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق خانقاہ ڈوگراں انٹرچینچ کے قریب تیز رفتار کار دھند کی وجہ سے کماد کے ٹرالے سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجہ میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ صفدرآباد کا رہائشی علی رضا اپنے ڈرائیور احسان اﷲ کے ہمراہ کار میں سوار ہوکر سمبڑیال سے صفدرآباد جارہا تھا کہ خانقاہ ڈوگراں انٹر چینچ کے قریب دھند کی وجہ سے سڑک کے کنارے کھڑے کماد سے لدے ٹرالے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں علی رضا موقع پر دم توڑ گیا۔ ڈرائیور احسان اﷲ شدید زخمی ہوگیا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر کوچ اور ٹرک کے مابین تصادم کے نتیجہ میں چار خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ شیخوپورہ سے ایک کوچ براستہ جی ٹی روڈ ملتان جا رہی تھی کہ طبروق اوکاڑہ کے قریب شدید دھند کے باعث ساہیوال سے آنیوالے ٹرک کے ساتھ تصادم ہو گیا۔ علاوہ ازیں پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایئر پورٹ آنے سے پہلے پی آئی اے کال سینٹر سے پروازوں کی آمدورفت کے بارے میں معلومات حاصل کریں کیونکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی موٹر وے پولیس مرزا فاران بیگ نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے دھند کے شدید موسم میں انسانی جان و مال کو درپیش خطرات کم کرنے کے لیے حفاظتی اقدامات اور حفاظتی تدابیر مرتب کیے ہیں تاکہ ان پر عمل کر کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھند سے متعلق انتظامات کرتے ہوئے پٹرولنگ افسران سے میٹنگ کرتے ہوئے کیا۔ ڈی آئی جی موٹر وے پولیس نے مزید کہا کہ خراب موسم اور دھند میں ہونے والے حادثات سے بچائو کے لیے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔ دھند کے موسم میں اگر سفر کرنا بہت ضروری ہو تو اپنے سفر کو صبح 10:00 بجے سے شام 6:00 کے دوران پیشگی حفاظتی اقدامات کا خیال رکھتے ہوئے کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...