لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر رہے جبکہ گیس کے بحران سے بھی لوگ پریشان رہے اور گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ فیروزوالا میں بجلی اور گیس کی بندش کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس کے دوران مظاہرین شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں بجلی اور گیس کی بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں تعمیراتی کاموں کے باعث ہربنس پورہ، جی ٹی روڈ، صحافی کالونی، یتیم خانہ، ہنجروال، سمن آباد اور دیگر میں گیس کئی گھنٹے غائب رہی۔ دوسری طرف شہر کے دیگر گنجان آباد علاقوں میں گیس کی بندش معمول کے مطابق 6 سے 8 گھنٹے تک جاری رہی۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق امامیہ کالونی (محمود کالونی) یوسف پارک شاہدرہ، بیگم کوٹ کے شہریوں نے بجلی اور گیس کی بندش کے خلاف مظاہرہ کیا۔ شہریوں نے بتایا کہ گیس صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک بند رہی۔ جس سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا جبکہ بجلی بھی کئی گھنٹے غائب رہتی ہے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں غیراعلانیہ بجلی اور گیس بندش کا دورانیہ طویل ہونے لگا، شہریوں کیلئے معمولات زندگی سرانجام دینا محال ہو گیا۔ گیس کی بندش کے باعث شہریوں کا تندور اور کھانے کی خریداری کیلئے ہوٹلوں پر رش رہا۔ گگومنڈی سے نامہ نگار کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ پر شہری پریشان ہو گئے۔ چکوال سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ شورکوٹ، جہلم، منڈی بہاء الدین میں بھی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ این این آئی کے مطابق سردی کی شدت بڑھنے سے گیس کا جاری بحران مزید شدت اختیار کر گیا۔ تعطیل کے روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی، دوہری مشکلات کا شکار عوام سراپا احتجاج بن گئے، لاہور کے کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔