چندی گڑھ (اے پی پی) بھارت کے شہر چندی گڑھ میںسوامی دیوی دیال کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں زیرتعلیم کشمیری طلباء پرہندو انتہا پسندوںنے حملہ کرکے کئی کو شدید زخمی کردیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری طلباء کالج سے کرایہ پر حاصل کی گئی رہائشگاہ کی طرف جارہے تھے جب غنڈوں نے ان پر حملہ کردیا ۔بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے بی ٹیک کے طالب علم عامر جمیل نے صحافیوں کو بتایا کہ حملہ آور شراب کے نشے میں دھت تھے اور وہ ہمیں کشمیری دہشت گرد کہہ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انکے کئی دوست حملے میںزخمی ہوگئے جن میں اسلام آباد کے تحمل نثار اور ماجد رفیق، دوڑہ کے سجاد احمد اور بارہمولہ کے عامر مجید اور نعیم احمد شامل ہیں۔ طلباء نے کہا کہ انتہا پسندوں نے انہیں کالج اور شہر چھوڑنے کی دھمکی دی۔ واقعے کے بعدخوف میں مبتلا کشمیری طلباء نے رات ایک ریلوے ٹریک پر گزاری اور صبح سویرے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ متاثرہ طلباء میں سے ایک ضلع اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ انسٹی چیوٹ آف ایجوکیش اینڈ ٹریننگ کے پرنسپل محمد عبداللہ شاہ کا بیٹا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایاکہ ان کے بیٹے کے سر پر کئی زخم لگے ہیں۔ ان کابیٹا خوفزدہ ہے اور وہ دوبارہ کالج جانے کے لئے تیار نہیں ہے۔