کوئٹہ+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) تربت کے علاقے ورکوب سے 3 نامعلوم افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق تینوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ تینوں افراد کی نعشیں شناخت اور پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے سوئی میں مختلف کارروائیوں میں تخریب کاری کا منصوبہ بناتے ہوئے 17 کلو وزنی بم برآمد کر لیا۔ گذشتہ روز فرنٹیئر کور کے عملے نے سوئی کے علاقے خانو قلعہ میں کارروائی کرتے ہوئے سڑک کے کنارے نصب دیسی ساختہ 17 کلو وزنی آئی ای ڈی بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ اور پشین میں ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ ادھر پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے نواحی علاقوں تاج آباد، دانش آباد اور کینٹ پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران 51 مشتبہ افرادکو حراست میں لے لیا۔ لیڈیز پولیس کی مدد سے 80 گھروں کی تلاشی لی گئی‘ پولیس کے مطابق تاج آباد اور دانش آباد کے علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 7 افغان باشندوں سمیت 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ پشاور کینٹ میں کارروائی کے دوران 27 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں 2 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔