پشاور/اسلام آباد (بیورو رپورٹ+آن لائن + این این آئی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا بٹگرام کا دورہ خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔ عمران خان نے بٹگرام میں 3 گرڈ سٹیشنز کا افتتاح کرنا تھا۔ این این آئی کے مطابق ایک بیان میں عمران خان نے کہا ہے خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر پرواز نہیں کر سکتا تھا بٹگرام کا دورہ نہ کرنے پر مقامی لوگوں سے معذرت چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا بٹگرام میں ہائیڈرو پراجیکٹس لگنے پر خوشی ہے جس سے مقامی آبادی کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا پانی سے بننے والی بجلی پر نہ تو زیادہ خرچ آتا ہے اور نہ ہی آلودگی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا اگلے دو برسوں میں دس لاکھ لوگوں کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں ٹریفک کے بہائو پر قابو پانے کیلئے بنائے جانے والے فلائی اوور ’’باب پشاور‘‘ کی تعمیر مکمل ہوگئی۔ کراچی کے بعد دو منزلہ فلائی اوور پشاور میں حیات آباد کے مقام پر بنایا گیا ہے۔ فلائی اوور کا باقاعدہ افتتاح آج پیر کے روز عمران خان اور پرویز خٹک کے ہاتھوں متوقع ہے۔