پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات کھیلوں کی تنظیموں کی فہرست جاری

Jan 18, 2016

لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل اولمپک کونسل نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے 23 جنوری کو ہونے والے انتخابات میں صدر کے امیدوار اکرم ساہی کی جانب سے پاکستان کی 12 کھیلوں کی تنظیموں پر اٹھائے جانے والے اعتراض پر انٹرنیشنل فیڈریشن نے ان کی تصدیق کر کے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے الیکشن کمیشن اور صدارت کے دونوں امیدواروں کو فہرست جاری کر دی ہے۔ صدارت کے امیدوار اکرم ساہی کی جانب سے آئی او سی کو پاکستان میں 12 کھیلوں کی تنظیموں کے متعلق خط لکھا تھا کہ ان کی ملک میں متوازی تنظیمیں بن چکی ہیں لہذا ان کی اصل باڈی اور ان کے عہدیداران کے متعلق واضح کیا جائے۔ جس پر آئی او سی کی جانب سے گذشتہ روز آرچری فیڈریشن آف پاکستان، پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن، پاکستان باکسنگ فیڈریشن، پاکستان جمناسٹک فیڈریشن، پاکستان سوفٹ بال فیڈریشن، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن، پاکستان ٹگ آف وار فیڈریشن، پاکستان والی بال فیڈریشن، پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن اور پاکستان ووشو فیڈریشن شامل ہیں کے عہدیداروں کے متعلق بذریعہ ای میل جواب دیا۔ آئی او سی کو بھجوائی جانے والی دیگر کھیلوں کی تنظیموں جن میں باڈی بلڈنگ، جوجسٹو، اور کبڈی فیڈریشن شامل تھیں کو انٹرنیشنل فیڈریشنز کی جانب سے ان کی تصدیق نہیں کی گئی لہذا اس کا اختیار پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو دیدیا گیا کہ وہ ملک میں جو بھی ان کے ساتھ الحاق رکھتی ہے اسے شامل کر لے۔ دوسری جانب انٹرنیشنل نیٹ بال فیڈریشن نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی جانب سے آئی او سی چارٹر کی خلاف ورزیوں اور معاملات کو مسلسل عدالت کی نظر کرنے پر انکا کا انٹرنیشنل باڈی سے کسی قسم کے الحاق کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

مزیدخبریں