لاہور (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے میچوں میں شکست کی ہیٹ ٹرک یعنی سیریز ہار جانے پر بھارتی میڈیا اور سابق کرکٹرز دھونی الیون پر برس پڑے، کپتان ہی نہیں ٹیم منیجمنٹ کی چھٹی کرا دینے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ ایک دو اور پھر تیسرا ون ڈے میچ بھی ہاتھ سے گیا۔ بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں مسلسل تیسری شکست ہو گئی۔ پانچ میچوں کی سیریز سے دھونی الیون آو¿ٹ ہوئی تو بھارتی میڈیا اور سابق کرکٹرز نے حسب روایت سب کو کلین بولڈ کر دیا۔ ماضی کے کپتان محمد اظہر الدین نے ٹیم منیجمنٹ کو فارغ کرنے کا کہہ دیا۔سابق کپتان سارو گنگولی کو بھی بھارتی ٹیم کی کارکردگی سے بہت مایوسی ہوئی، انہوں نے کہا کہ دو سال سے دھونی کی قیادت میں ایک ون ڈے سیریز نہیں جیتی، اب کپتان کا کچھ کرنا ہو گا۔ بھارتی میڈیا ایسا سیخ پا ہوا کہ ساری سلیکشن کو غلط قرار دیا اور روایتی حریف پاکستان سمیت انگلینڈ کی ٹیموں سے سبق سیکھنے کا طعنہ بھی دے دیا۔