اکبر بگٹی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف بری،سابق وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ اور شعیب نوشیروانی کی بریت کی درخواست بھی منظور کرلی گئی-
کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جج جان محمد گوہر نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف،آّفتاب شیرپاؤ اور شعیب نوشیروانی کی بریت کا فیصلہ سنایا، عدالت نے اکبر بگٹی کی قبرکشائی اور ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے دائر درخواستیں بھی خارج کردیں۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل جمیل اکبر بگٹی سہیل راجپوت نے فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ بگٹی کیس کا فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے،ہم فیصلے سے مطمئن نہیں، ملزمان کو سزا ملنی چاہیے تھی، تفتیشی ٹیموں کی کارکردگی ناقابل بیان ہے-
نواب اکبر خان بگٹی کو26 اگست کو آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے حکم پر کئے جانے والے کریک ڈاؤن میں ہلاک کیا گیا
نواب اکبر خان بگٹی مشہور بلوچ قوم پرست سیاسی لیڈر، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور سابق گورنر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان تھے، سال 2003ء سے 2006ء تک اکبر بگٹی مری سرداروں کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف صوبے کے حقوق کے لیے قوم پرستوں کی قیادت کرتے رہے۔ کوہلو کے پہاڑوں میں کئی مہینوں سے روپوش رہے، انہیں 26 اگست 2006 کو کوہلو میں اس وقت کے صدر اور آرمی چیف پرویز مشرف کے حکم پر کیے جانے والے ایک کریک ڈاؤن کے دوران ہلاک کردیا گیا تھا۔ نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت کے بعد ان کے بیٹے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نے سابق صدر پرویز مشرف، سابق وزیرِ اعظم شوکت عزیز اور دیگر اعلیٰ حکام کو اس قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ 11 جولائی 2012ء کو انسداد دہشت گردی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف سمیت بڑے بڑے وزراء اور سیاسی لوگوں کی گرفتاری وارنٹ جاری کئے،13 جون 2013ء کو مشرف کو گرفتار کیا گیا پھر کچھ عرصے بعد ضمانت ہوگئی، سابق آمر کو ناصرف اکبر بگٹی قتل کیس بلکہ دیگر مقدمات میں بھی الزامات کا سامنا ہے، جن میں 2007ء میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل، ملک میں ہنگامی حالت کا نفاذ کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے 60 ججوں کو نظربند کرنا اور لال مسجد کے غازی عبدالرشید کے قتل کا مقدمہ بھی شامل ہے۔
اس موقع پر سابق وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال سے چلنے والا کیس آج منطقی انجام تک پہنچ گیا،عدالت سےانصاف ملا،عدالتوں پراعتمادہے، اطمینان ہے ہم نے اپناکیس درست پیش کیا اور نتیجہ نکل آیا، اکبربگٹی کےلواحقین کےجذبات کااحترام کرتےہیں۔
جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ سابق گورنر اور سابق وزیراعلی بلوچستان نواب اکبر بگٹی کو 2006 ء میں قتل کیا گیا تھا،جس میں سابق صدر پرویز مشرف، آفتاب شیر پاؤ اور شعیب نوشیروانی کو نامزد کیا گیا تھا-