سندھ کی گورنری ہمارا حق ن لیگ رہنماﺅں نے صدر ممنون حسین کے خلاف بغاوت کردی

Jan 18, 2017

کراچی(رپورٹ شہزاد چغتائی)مسلم لیگ سندھ اور کراچی کے رہنماﺅں نے صدر ممنون حسین کے خلاف بغاوت کردی اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کراچی کی سیاست میں مداخلت نہ کریں۔ انہوں نے صدر ممنون حسین سے درخواست کی ہے کہ وہ سندھ مسلم لیگ کے معاملات میں مداخلت نہ کریں اور کسی غیر مسلم لیگی کو گورنر کی حیثیت سے تھوپنے سے گریز کریں انہوں نے یاد دلایا کہ مرحوم گورنر سعیدالزماں کو ممنون حسین نے نامزد کیا تھا وہ مسلم لیگی نہیں تھے ٹیکنو کریٹ تھے مسلم لیگ کراچی اور سندھ کسی ٹیکنو کریٹ کو قبول نہیں کرے گی کیونکہ اس طرح 2018 کا الیکشن مسلم لیگ ن کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ گورنر شپ مسلم لیگ کے کارکنوں اور رہنماﺅں کا حق ہے۔ کسی تاجر‘ صنعتکار یا ریٹائرڈ جسٹس کی میراث نہیں۔ مسلم لیگ کے ایک رہنما نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم گورنر سندھ کی نامزدگی کےلئے صدر اور اسحق ڈار کے بجائے مسلم لیگ سندھ کو اعتماد میں لیں۔ ذرائع نے بتایا ہے مرحوم گورنر سعیدالزماں کی نامزدگی سے قبل مسلم لیگ سندھ کے صدر اسماعیل راہو کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اسماعیل راہو کو گورنر بنانے میں کیا قباحت ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ غوث علی شاہ‘ نہال ہاشمی‘ مشاہد اللہ خان‘ اسماعیل راہو اور سلیم ضیاءمیں سے کسی کو گورنر بنایا جائے یا اقبال خاکسار جیسے کسی کارکن کو بنادیاجائے۔
ن لیگ بغاوت

مزیدخبریں