لاہور (خبرنگار) پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب نے کل 19 جنوری کو لاہور سے فیصل آباد تک نکالی جانے والی ریلی کی اجازت اور سکیورٹی کیلئے صوبائی حکومت کو درخواست دے دی ہے، اس ریلی کی قیادت چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے، پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے صوبائی حکومت اور ریلی کے روٹ پر آنے والے اضلاع کی انتظامیہ کو سکیورٹی کے حوالے سے درخواست جمع کروائی ہے۔ اس درخواست میں دیئے گئے روٹ کے مطابق ریلی کا آغاز بلاول بھٹو کی قیادت میں بلاول ہائوس سے ہو گا۔ جہاں سے ریلی موٹر وے کے راستے فیض پور انٹرچینج، شیخوپورہ ، شاہ کوٹ کے راستہ فیصل آباد پہنچے گی۔ بلاول بھٹو اپنے لینڈ کروزر میں اس ریلی کی قیادت کریں گے جبکہ کوٹ عبدالمالک، شیخوپورہ، شاہ کوٹ میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے مشہور ٹرک پر سوار ہو کر عوام سے خطاب بھی کریں گے، ٹرک کو کراچی سے لاہور لایا جا چکا ہے۔ پیپلزپارٹی نے ریلی کے روٹ پر انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے، پارٹی کے صوبائی اور مقامی رہنما مختلف مقامات پر ریلی کا استقبال کریں گے۔ بلاول بھٹو کا قافلہ موٹر وے سے فیض پور انٹر چینج کے ذریعے ننکانہ موڑ پہنچے گا تو ننکانہ سے آنے والا قافلہ اس ریلی کا حصہ بن جائے گا۔ گوجرانوالہ سے آنے والا قافلہ شیخوپورہ شہر میں ریلی کا حصہ بنے گا۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اب ہر طرف ’’بھٹو دے نعرے وجن گے‘‘ پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ اب ہم حکومت کو چلنے نہیں دیں گے۔ علاوہ ازیں کل لاہور سے فیصل آباد تک نکالی جانے والی ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں پیپلز پارٹی لاہور کے رہنمائوں فیصل میر ‘ عبدالقادر شاہین‘ ڈاکٹر ضرار یوسف اور ڈاکٹر خالد جاوید جان کی قیادت میں ایک رابطہ عوام استقبالیہ ریلی آج (بدھ) دوپہر تین بجے لاہور پریس کلب سے نکالی جائے گی۔ یہ استقبالیہ ریلی پریس کلب سے شروع ہوگی جو ایل ڈی اے پلازہ ‘ایجرٹن روڈ ‘شاہراہ قائد اعظم سے داتا دربار سے ہوتی ہوئی ریلوے سٹیشن تک جائے گی اور پھر وہاں سے واپس پریس کلب آ کر اختتام پذیر ہو جائے گی۔