لاہور (کلچرل رپورٹر) آل انڈیا مسلم لیگ کے بانی رکن تحریک آزادی کے رہنما مولانا ظفر علی خان کا 144واں یوم ولادت آج 18 جنوری کو منایا جائیگا۔ مولانا ظفر علی خان پنجاب کے گاؤں کرم آباد میں 18 جنوری 1873ء میں پیدا ہوئے۔ اسی مقام پر ان کا بچپن، جوانی اور آخری عمر کا کچھ عرصہ گزرا جبکہ مولانا کی علمی، ادبی، سیاسی اور صحافتی زندگی کا بڑا حصہ لاہور، حیدر آباد دکن، علی گڑھ، دہلی اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں گزرا۔ مولانا تحریک آزادی کے واحد رہنما تھے جو بیک وقت صحافی، شاعر اور سیاست دان تھے۔ انہیں بیک وقت فارسی، عربی، انگریزی اور اردو سمیت دیگر زبانوں پر مکمل عبور حاصل تھا۔ مولانا ظفر علی خان نے آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر بھارت کے دورے کئے جبکہ اسی ضمن میں مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کا سفر بھی اختیار کیا۔ مولانا ظفر علی خان نے اپنی عملی زندگی کا بیشتر حصہ جدوجہد آزادی کے دوران جیل میں گزارا۔ ان کے اخبار ’’زمیندار‘‘ کو بار ہا بند کیا گیا یا ان کی ضمانتیں ضبط کی گئیں۔ مولانا ظفر علی خان سیاسی شاعری کرنے والوں میں سب سے معتبر مقام رکھتے ہیں۔