ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا حالات کو بہتر بنانے اور تعلقات کو معمول پرلانے کی ذمہ داری ایران پرعائد ہوتی ہے، ہمیں آستانہ میں ہونے والے شامی مذاکرات کو ایک اہم پیش رفت کے طور پردیکھنا چاہیے۔ توقع ہے کہ آستانہ مذاکرات شام میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے میں مدد دیں گے۔ غیرملکی ٹی وی کے مطابق سعودی وزیرخارجہ کی ریاض میں صحافیوں اور اخبار نویسوں سے بات چیت کی مزید تفصیلات کے مطابق سعودی عرب امریکہ میں اقتدار کی تبدیلی کے مرحلے کوعالمی حالات میں مثبت تبدیلی کے طور پردیکھ رہا ہے۔ ہمیں ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ بیانات سے امیدیں وابستہ ہیں۔ سعودی عرب مشترکہ مفادات اور مقاصد کیلئے نئے امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ آیا نئی امریکی انتظامیہ کس حد تک ہمارے مفادات کے مطابق اپنی پالیسیاں تشکیل دیتی ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا عالمی مسائل کے حل کیلئے امریکی کردار کی بحالی، داعش کی شکست و ریخت اور ایرانی بالادستی کا گھمنڈ توڑنے کے حوالے سے ٹرمپ کے بیانات سے سعودی عرب کی امید بڑھی ہے۔
حالات بہتر بنانے، تعلقات معمول پر لانے کی ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے: سعودی عرب
Jan 18, 2017