حیدرآباد( صباح نیوز) مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار دہشت گردوں کے حمایتی اور وکیل ہیں اس لیے ان سے مخالفت ہے جو دشمنی میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ رینجرز کو اختیارات دینے کا معاملہ امن وامان سے جڑا ہوا ہے جو خالصتاً ریاستی معاملہ ہے لیکن کچھ لوگ اس معاملے پر بھی سیاست کرتے ہیں اور ایک جماعت کو سندھ میں کرنے کو کچھ نہیں مگر بھر بھی رینجرزکا معاملہ اٹھایا ہوا ہے جب کہ رینجرز کا معاملہ ایک دو روز میں خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا۔ چوہدری نثار علی سے تکلیف ہے کہ وہ دہشت گردوں کے حمایتی اور وکیل ہیں اس لیے ان سے مخالفت ہے جو دشمنی میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے جب کہ چوہدری نثار کس کے لیے کام کرتے ہیں سمجھ نہیں آتا۔ پالیسی ساز قومی اداروں میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہئے لیکن ابھی یہ حال ہے کہ چھوٹے صوبوں کے وزیراعلی کی اہمیت نہیں ہے جبکہ اس حکومت کی نااہلیوں نے ہر دن کو سیاسی طور پر گرم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بڑے تدبر والے لوگ وزراء پانامہ کا نام سنتے ہی بدک جاتے ہیں اور جب آپ پانامہ کے مسئلے میں استثنا مانگ رہے ہو تو مطلب ہے کہ آپ نے جھوٹ بولا ہے لہٰذا وزیراعظم ذمہ داری قبول کریں اور مستعفی ہو جائیں۔ راحیل شریف فوج کے سربراہ تھے تو سب وزرا پریشان تھے اور یہ لوگ بولتے تک نہیں تھے۔ زرداری اور بلاول نے کس وقت پارلیمنٹ میں آنا ہے فیصلہ قیادت کرے گی۔ مسلم لیگ ن میں کبھی وفاق کا چہرہ نہیں دیکھا۔
نثار دہشت گردوں کے حامی ان سے مخالفت دشمنی میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے: چانڈیو
Jan 18, 2017