واشنگٹن (آن لائن) چاند پر قدم رکھنے والے آخری انسان جین سرنن 82 برس کی عمر میںق چل بسے ہیں۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ انہیں سرنن کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے۔کیپٹن سرنن کا شمار ان تین افراد میں ہوتا ہے جو دو بار چاند پر گئے۔ پہلی بار 1969ء میں وہ اپالو 10 مشن کا حصہ تھے جس نے چاند کی سطح سے 50 ہزار فٹ اوپر پرواز کی، تاہم وہ اترا نہیں۔ اس کے تین سال بعد سرنن اپالو 17 مشن کے کمانڈر کی حیثیت سے نہ صرف چاند پر اترے بلکہ انھوں نے وہاں تین دن گزارے۔ ان کے بعد سے آج تک کوئی اور انسان چاند پر نہیں گیا۔ چاند سے لوٹتے وقت انھوں نے کہا تھا: 'ہم جیسے آئے تھے ویسے ہی واپس جا رہے ہیں۔ اگر خدا نے چاہا تو ہم تمام انسانیت کے لئے امن اور اُمید لے کر لوٹیں گے۔'سرنن چاند کے سفر سے قبل 1966ء اور 1969ء میں دو بار خلا میں بھی جا چکے تھے۔ وہ پیشے کے لحاظ سے امریکی بحریہ میں ایوی ایٹر تھے اور انہیں 1963ء میں ناسا نے اپنے خلائی مشن کے لئے منتخب کیا تھا۔ وہ 1976ء میں ریٹائر ہو گئے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی بنائی تھی۔