اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا وزیراعظم نوازشریف سپریم کورٹ میں اپنی منی ٹریل بتا دیں تو اپنا کیس واپس لے لوں گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا شریف خاندان نے منی ٹریل نہ بتائی تو قبر تک ان کا پیچھا کروں گا۔ نوازشریف اسمبلی میں کچھ کہتے ہیں اور سپریم کورٹ میں کچھ اور موقف اختیار کیا جاتا ہے، عدالت کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ شیخ رشید نے کہا ن لیگ والے اسمبلی میں کہتے ہیں تلاشی لو، ثبوت دیں گے۔ کل بھی سپریم کورٹ کے وکلا کی حمایت کی تھی، آج بھی کررہے ہیں۔ ملک میں اس وقت چوروں کی حکومت ہے۔ ہائوسنگ کالونی کے معاملے پر ہم بار کے وکلا کے ساتھ ہیں۔