کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور قومی ایئر لائن پی آئی اے کے لئے 10.5 ارب روپے کی اضافی گارنٹیز کی منظوری دیدی۔ ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو اکتوبر 2016ءکی تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دی۔ ای سی سی نے گندم اور گندم سے تیار مصنوعات کی برآمد اور سٹاک کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ کابینہ کمیٹی نے ملک میں گندم کے اضافی سٹاک کی دستیابی کے پیش نظر گندم اور اس سے تیار مصنوعات کی برآمد کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اسے 15 مارچ 2017ءتک بڑھانے کی اجازت دی۔ اجلاس میں پی آئی اے کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 10.5 ارب روپے کی اضافی گارنٹیز دینے کی بھی منظوری دی گئی۔