کراچی (نیوز رپورٹر) صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کراچی کا نیشنل لیڈرشپ پروگرام باعث تحسین ہے، یہ مسرت کا موقعہ ہے کہ یہاں آنے والے طالبعلموں اور اساتذہ کا تعلق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مادر علمی سے ہے، قائد اعظم محمد علی جناح نے اس ادارے کو اہمیت دی اوراپنی ملکیت کا تیسرا حصہ ادارے کو وقف کردیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نیشنل لیڈرشپ پروگرام کے تحت وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی سربراہی میں اسلام آباد کا دورہ کرنے والے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کراچی کے طالبعلموں اور اساتذہ کے وفد سے ایوان صدر میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے دوروں سے طالبعلموں کے سامنے جو تقاضے سامنے آئے گے ان سے وہ مستقبل میں لیڈر بن کر ابھریں گے۔انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کو نئے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس ادارے کے طالبعلم اپنے ادارے کو نیک نامی کی طرف لیکر جائیں گے اور علم حاصل کرنے کے بعد عملی زندگی میں بھی اس کا استعمال کریں گے۔طالبعلم تحقیق پر زیادہ توجہ دیں کیونکہ آنے والا دور جدید تعلیم کا دور ہے جس میں آئی ٹی کی تعلیم کی زیادہ اہمیت ہوگی۔
طلبہ تحقیق پر توجہ دیں‘ آنے والا دور جدید تعلیم کا ہے‘ ممنون حسین
Jan 18, 2018