کیپ ٹاؤن(مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے ٹیسٹ میچ میں 135 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ ۔انڈیا کو اس میچ میں فتح کے لیے 287 رنز کا ہدف ملا تھا مگر اس کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔انڈین بلے باز اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بولر لنگی نگیڈی کے سامنے بے بس نظر آئے اور کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر اننگز نہ کھیل سکا۔لنگی نگیڈی نے دوسری اننگز میں 39 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اس میچ میں ان کی کل وکٹوں کی تعداد سات رہی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے بھی عمدہ بولنگ کی اور تین وکٹیں حاصل کیں۔بدھ کو کھیل کے آخری دن انڈیا نے 35 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو 100 رنز مکمل ہونے تک انڈیا
کے سات بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔دوسری اننگز میں روہت شرما 47 ، محمد شامی 28، پچارا اور پٹیل 19، 19، وجے نو، پانڈیا چھ، وراٹ کوہلی پانچ، راہل چار، ایشون تین اور بمراہ دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 335 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 307 رنز بنا سکی تھی جس میں وراٹ کوہلی کی 153 رنز کی عمدہ اننگز بھی شامل تھی۔جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں 258 رنز بنائے تھے اور اس طرح انڈیا کو جیتنے کے لیے 287 رنز ہدف ملا تھا۔واضح رہے کہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو 72 رنز سے شکست دی تھی۔سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 24 جنوری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا جبکہ اس کے بعد چھ ایک روزہ میچوں اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔