راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پنجاب سکول ایجوکیشن سروس ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے نظامت تعلیمات راولپنڈی کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر قاضی ظہور الحق کی خدمات کے اعتراف میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر نظامت تعلیمات راولپنڈی کے موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طارق محمود قاضی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ایلمنٹری محمداکرم ضیاء ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرسکینڈری شفقت رحمان اور دیگر موجود تھے۔مقررین نے قاضی ظہور الحق کی شخصیت اور کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر نظامت تعلیمات راولپنڈی قاضی ظہور الحق نے کہا کہ میںاہل راولپنڈی کی محبتیں کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا۔میں شفیق بھلوالیہ کا خاص طور پر مشکور ہوں انہوںنے مجھے دعائوں اور دوائوں میں ہمیشہ یاد رکھا اور ہر اہم معاملے پر میری رہنمائی کی۔ شفیق بھلوالیہ نے کہا کہ قاضی ظہور الحق ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہ کی اور اچھی یادیں چھوڑیں۔یہ ان کی شخصیت کا سحر ہے کہ 11 دسمبر سے قاضی صاحب کی خدمات کے اعتراف میں تقاریب منعقد ہورہی ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ نظامت تعلیمات راولپنڈی ڈویژن کے موجود چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طارق محمود قاضی نے کہا کہ قاضی ظہور الحق کی ضرورت ہمیں پہلے بھی تھی اور آئندہ بھی رہے گی۔ سابق ای ڈی او چکوال سید ظہور حسین شاہ نے کہا کہ قاضی ظہور الحق کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان پر کرپشن کا کبھی کوئی الزام نہیں لگا۔پنجاب ٹیچرز یونین کے سنئیررہنماء راجہ نصر اللہ نے کہا کہ قاضی ظہور الحق جیسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری سکول شفقت رحمان نے کہا اساتذہ کی یونین خرابیوں پر نگاہ رکھتی ہے ، اساتذہ بجٹ کو بھی دیکھیںاور طلباء کے حقوق کی بات کریں۔ ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن راولپنڈی اکرم ضیاء نے تجویز کیا کہ ہمیں ایک ایسا فورم بنانا چاہیے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی قاضی ظہور الحق کی خدمات سے استفادہ کیا جاسکے۔ ڈپٹی ای او ٹیکسلا شیر افضل نے کہا کہ انتظامی معاملات میں قاضی صاحب کا کردار بڑا اہم ہے۔ تقریب کے آخر میں قاضی ظہور الحق کو ان کی خدمات کے عوض شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر سید سلیم رضا، نجیب علی، سید ظہور حسین شاہ۔عمرحیات گوندل،ملک محمد افضل او ردیگر بھی موجود تھے۔
اہل راولپنڈی کی محبتیں کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا،قاضی ظہور الحق
Jan 18, 2018