اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ کے راہنماء چوہدری ریاض نے کہا ہے کہ لاہور میں طاہر القادری کی زیر سرکردگی تین جماعتوں کا جلسہ ، کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ہے۔ آدھی کرسیاں کالی پڑی تھیں۔ اس جلسہ میں جمہوریت اور پارلیمنٹ کو گالیاں دی گئیں۔ حاضرین کی تعداد انگلیوں پر گنی جا سکتی تھی۔ آصف علی زرداری پر تو یہ محاورہ صادق آتا ہے کہ کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ۔ وہ کیا اس حکومت کو نکلوائیں گے۔ وہ تو خود نکلے ہوئے ہیں۔ وہ مت بھولیں کہ لاہور میں حالیہ ضمنی انتخاب میں ان کی پارٹی کو ڈیڑھ سو ووٹ پڑے جس کے بعد انہیں چکوال کے ضمنی الیکشن میں امیدوار کھڑا کرنے کی جارت نہیںہوئی ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دلوائے لیکن دونوں جماعتوں کو شکست فاش ہوئی۔پنجاب میں ان کی پارٹی کا جنازہ نکل چکا ہے اور وہ بڑھکیں مار کر پارٹی کے تن مردہ میں جان نہیں ڈال سکتے ۔ نواز شریف پر انگلیاں اٹھانے والے یاد رکھیں کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنوایا اور اس کا خمیازہ بھی بھگتا۔ آئندہ عام انتخابات میں بائیس کروڑ عوام نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ طاہرالقادری مذہبی لیڈر ہیں اور عوام کو گمراہ نہ کریں اور اپنے اس وعدے پر قائم رہیں کہ یہ ان کا آخری دھرنا ہو گا۔