اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے شعبہ انفورسمنٹ کا سیکٹر F-12میں قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن،آپریشن کے دوران 3زیر تعمیردوکانیں،7 حویلیاںاورمتعددغیر قانونی چاردیواریاں مکمل طور پر مسمار کردی گئیں،آپریشن کے خلاف مقامی آبادی کا احتجا ج روڈ بلاک کرکے سی ڈی اے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے)نے شہر بھر میں تیزی سے پھیلتے ہوئے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ممبر اسٹیٹ خوشحال خان کی خصوصی ہدایات پر آپریشن کئے جارہے ہیں اسی سلسلے میں گزشتہ روزشعبہ انفورسمنٹ نے سیکٹر ایف الیون اور بارہ میں قائم تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا جس میں ہوی مشنری کا بھی استعمال کیاگیا ۔آپریشن کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈی ڈی ) انفورسمنٹ محمد رمضان نے کی جبکہ انفورسمنٹ کی 10ٹیموں سمیت مجسٹریٹ جاوید علی،پولیس کی بھاری نفری نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔آپریشن کے دوران انفورسمنٹ نے سیکٹر ایف بارہ میں زیر تعمیر تین عدددوکانوں، 17کمروں پر مشتمل 7 حویلیو ں،10زیر تعمیر چاردیواریوں سمیت مقامی آبادی کی جانب سے کئے گئے دیگر تجاوزات کو مکمل طور پر مسمار کردیاگیا، سیکٹرایف الیون ٹو گلی نمبر 19کے سامنے8سے10کنال سرکاری اراضی پر تجاوزات کرتے ہوئے قائم کی گئی ایک اورحویلی کو عدالتی حکم امتناہی ہونے کے باعث چھوڑ دیاگیاہے۔دیں اثنائ آپریشن کے خلاف مقامی آبادی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی اورسی ڈی اے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے بلا جواز آپریشن کررہا ہے ،مظاہرین کا کہناتھا کہ سی ڈی اے کی جانب سے کئے گئے ٹارگٹڈ آپریشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔