اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قومی اسمبلی میں تضحیک آمیز گفتگو نہ کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے تضحیک آمیز خطاب کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا ایک سوال کیا تھا اس کے جواب میں غلیظ گفتگو کی گئی۔ شہبازشریف کے شکوے کا سپیکر قومی اسمبلی نے نوٹس لیا اور کہا ہم نے فیصلہ کیا ہے ایوان میں کوئی بھی تضحیک آمیز گفتگو نہیں کرے گا۔ حکومت کی جانب سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی ایوان میں کہا کہ اپنی طرف سے گارنٹی دیتا ہوں کوئی غیر پارلیمانی حرکت نہیں کرے گا، ہماری لڑائی سے ہم سب کا تماشا بن رہا ہے۔