حالات بدل رہے ہیں، پاکستان بہتر، افغانستان میں جنگ کا خاتمہ ہو جائیگا: جنرل زبیر محمود حیات

کراچی (نیوز رپورٹر) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ میں نے برسلز میں نیٹو اجلاس میں شرکت کی اور وہاں شریک 29 ممالک نے پاکستانی کوششوں کو سراہا‘ حالات بدل رہے ہیں پاکستان آئندہ سالوں میں بہتر ہو گا امید ہے افغانستان میں جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں اٹھارہویں سی ای او سمٹ میں خطاب میں کیا۔ جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ پاکستان خوبصورت ملک ہے اور معدنی وسائل سے مالا مال ہے ملک میں 2014ء سے 2019ء تک تشدد کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ان کا مزیدکہنا تھا کہ افغانستان میں امن سے پاکستان کو فائدہ ہو گا‘ آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں پاکستانی سائنسدان ہر قسم کی تخلیق کر سکتے ہیں‘ ڈیٹا کی اہمیت آج کے دور میں ایندھن سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے‘ ہمیں آزاد قوموں کی طرح سوچنا ہو گا پاکستان میں بھاری مقدار میں معدنی اور دیگر اعلیٰ دھاتوں کے ذخائر ہیں‘ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے بغیر پاکستان بغیر دل کا رہے گا اگر ٹیکنالوجی کو شہروں تک محدود رکھا تو محروم افراد کی تعدا د بڑھ جائے گی۔ سی ای او کلب پاکستان اور مینجمنٹ ہائوس کے زیرانتظام ’’اٹھارہویں سی ای او سمٹ ایشیا 2018ئ‘‘ کا انعقاد کراچی کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستانی بزنس کمیونٹی کی پسندیدہ ترین ’’بیسٹ سیلنگ بک 100 پرفارمنگ سی ای اوز اینڈ کمپنیز آف پاکستان‘‘ کے ساتویں بین الاقوامی ایڈیشن کی رونمائی اور تعارفی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس کتاب میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے 100 پاکستانی سی ای اوز کی کامیابی پر مشتمل کہانیاں شامل ہیں جنہوں نے تمام تر مشکل حالات میں دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تصور کو اُجاگرکیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن