ٹرمپ بہروپیا، ایرانی عوام کو دھوکہ دے گا، مذاکرات پر تیار، امریکہ سے نہیں ہونگے: خامنہ ای

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران میں8 سال بعد سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ تہران کی مسجد مصلیٰ میں خطاب کرتے ہوئے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ بہروپیا ہے جو ہماری عوام کی حمایت کا دکھاوا کرتا ہے یہ دھوکہ دے گا۔ ایران مذاکرات کیلئے تیار ہے مگر امریکہ سے نہیں۔ خامنہ ای نے کہاکہ یوکرائنی طیارے کی تباہی ایک المیہ تھی اور ایرانی قوم کو متحدہ رہنا چاہیے۔ ڈونلڈ ٹرمپ قوم کی پیٹھ پر زہریلا خنجر گھونپے گا، امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل کی ہلاکت کے بعد اس کے جنازے پر لوگوں میں غم و غصہ عوام کا اپنے وطن سے محبت کا اظہار تھا، امریکہ نے داعش کے خلاف لڑنے والے سب سے موثر کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی پر بغداد میں بزدلانہ حملہ کیا۔ خامنہ ای نے یوکرائی طیارہ گرانے کی اس غلطی کو ایک المیہ قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی عوام کو فروری میں ہونے والے ملکی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں حصہ لینا چاہیے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے طیارے کو گرائے جانے کے واقعے کو تلخ حادثہ قرار دیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے ایران کو اتنا ہی افسوس ہوا ہے جتنا اس کے دشمنوں کو خوشی ہوئی ہے۔ ایران کے دشمن حادثے کو استعمال کرتے ہوئے ایران، پاسداران انقلاب اور مسلح افواج پر سوالات کر رہے ہیں۔ مغربی ممالک اتنے کمزور ہیں کہ ایران کو گھٹنوں پر کبھی نہیں لاسکتے، سپریم لیڈر نے کہا امریکہ نے جنرل قاسم سلیمانی کو نشانہ بنا کر اپنی دہشت گردی کی فطرت کو دکھایا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 8 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے جمعہ کی نماز کا خطبہ خود دیا۔ اس سے پہلے انہوں نے 2012 میں ایرانی انقلاب کے 33 سال مکمل ہونے پر امامت کی تھی، حکام کے مطابق کہ ایرانی قوم نے ایک مرتبہ پھر اتحاد کا شاندار مظاہرہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن