مکرمی ! پاکستان کے ’’پیرس‘‘ لاہور کی سڑکیں جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ موٹر سائیکل کا ایک پہیہ گڑھے میں اور دورا باہر ہوتا ہے۔ موٹر سائیکل چلتے چلتے اپنا رخ بدل لیتی ہے۔ اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ دھرمپورہ تھانے کے عقب سے سکول روڈ گلستان کالونی گلی نمبر10 جو موہنجوداڑو کا منظر پیش کر رہی ہے۔ صدر گول چکر سے عسکری ٹین۔ پی اے ایف کالونی تک جانے والی باتیں سڑک مکمل طور پر ٹوٹی ہوئی ہے۔ گڑھی شاہو سے دھرمپورہ نہر غرضیکہ سارا لاہورماسوائے مال روڈ، جیل روڈ، تمام سڑکوں پر کئی کئی فٹ گہرے گڑھے ہیں۔ پھر سارے لاہور میں ابلتے گٹر، بغیر ڈھکن کے گڑھے مختلف حادثات ، بدبو، تعفن اور بیماریوں کا باعث ہیں۔ لہٰذا حکومت سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور نکاسی آب کو بہتر بنائے۔ (طاہر شاہ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر دھرمپورہ لاہور)