کراچی (نیوز رپورٹر) جمعیت علماء اسلام ضلع غربی کے جنرل سیکرٹری مولانا فخر الدین رازی نے کہا ہے کہ عوام پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بوجھ جینے کا حق چھینے کے مترادف ہے، جے یو آئی عوام کا مقدمہ ہر میدان میں لڑے گی، ان خیالات کا اظہار انہوںجمعیت علماء اسلام یوسی 9 میانوالی کالونی کے تحت مرکزی چوک پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں جے یو آئی ضلع سینٹرل کے امیر مولانا عبدالرشید نعمانی، حافظ حبیب الرحمن خاطر، مفتی عبدالعلیم، حیات خان خاکی، ممتاز احمد، ڈاکٹر رحمت حلیم، سوشل میڈیا ایکٹویسٹ امتیاز احمد باجوڑی، حافظ فیروز خان سمیت کثیر تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی، مولانا فخر الدین رازی، حافظ حبیب الرحمن خاطر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیلکٹڈ حکومت نے غریبوں کو فقرو فاقہ دیا ہے، بھوک ، خود سوزی، بیروزگاری اور اندھیرے دیئے ہیں، بجلی اور گیس چھین لی گئی ہے، کراچی صنعت و تجارت کا شہر ہے، جہاں بجلی کے بعد اب گیس غائب کر دی گئی ہے جس سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں، مولانا فضل الرحمن نے اس کٹھ پتلی حکومت سب سے پہلے چیلنج کرتے ہوئے اس کے خلاف آواز بلند کی اور موجودہ ملکی حالات میں مولانا فضل الرحمن کے بغیر کوئی تحریک کامیاب نہیں ہوگی، آزادی مارچ کیلئے جے یو آئی کے کارکنوں نے جانی و مالی قربانیاں دیں، باقی سب تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے،، کمزور کو ظالموں کے نظام نے کبھی حفاظت نہیں دی، موجودہ کٹھ پتلی حکمرانوں کے پاس معاشی ترقی کا نہ ویژن ہے، نہ ہی کوئی ٹھوس منصوبہ بندی ہے، کٹھ پتلی حکومت سے فوری نجات میں عوام جے یو آئی کا ساتھ دیں۔
گیس بحران سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے، مولانا فخرالدین رازی
Jan 18, 2020