گھوٹکی کی تباہ حال سڑکوں کی از سر نو تعمیر کا فیصلہ

Jan 18, 2021

میرپور ماتھیلو (نامہ نگار)  ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبد اللہ کی زیر صدارت سکھر، ملتان موٹروے کی تعمیر کے دوران ضلع گھوٹکی کی تباہ ہونے والی سڑکوں کی ازسر نو تعمیر کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ایس اسٹیٹ چائنا کمپنی فتح پور کیمپ کے زینگشن گائو اور ابوبکر نے شرکت کی. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موٹروے کی تعمیر کے دوران تباہ ہونے والی سڑکوں کی وجہ سے مختلف علاقوں کے مقامی لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں اس لئے تباہ ہونے والے روڈ فوری طور پر تعمیر کئے جائیں اس سلسلے میں مزید سستی برداشت نہیں کی جائے گی. انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی  مقرر کردہ ٹیم تعمیر شدہ سڑک کے کام کا  جائزہ لے گی، تسلی  بخش کام کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کو سند جاری کی جائے گی جس کے مطابق دوسری سڑک کا مرمتی کام شروع کیا جاسکے گا. اس موقع پر سی ایس اسٹیٹ کمپنی  کے نمائندے ابوبکر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق متاثرہ سڑکوں کا کام شروع کردیا گیا ہے اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں سرحد قومی شاہراہ سے گاؤں جام محمد علی لکھن تک ڈھائی کلومیٹر سڑک تعمیر کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں