سکھر ( بیورو رپورٹ ) وفاقی محتسب ریجنل آفس سکھر کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود علی شاہ نے کہا ہے کہ ادارے کو وفاقی اداروں کے خلاف گزشتہ 9 ماہ کے دوران ایک لاکھ3 ہزار 6 سو 44 درخواستیں موصول ہوئیں جو ایک تاریخی ریکارڈ ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موصولہ شکایات میں سے 92 ہزار 574 شکایات پر فیصلہ کیا گیا جو کہ مجموعی طور پر 97 فیصدازالہ ہے۔ وفاقی محتسب انچارج سکھر، لاڑکانہ ڈویژن نے مزید بتایا کہ وفاقی محتسب طاہر شہباز کی ہدایت پر عام عوام کو ان کی دہلیز پر مفت انصاف دینے کے لیے یہ ادارہ قائم ہے ادارے کا بنیادی مقصد غریب اور شہریوں کو وفاقی حکومت کے محکمہ جات اور اداروں کی بدانتظامی، قانون کے منافی فیصلوں کے خلاف انصاف مہیا کرنا ہے تاکہ لوگوں کا قیمتی وقت اور پیسہ بچایا جاسکے یہ ادارہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفت انصاف مہیا کرنا ہمار ے مشن کا حصہ ہے۔ وفاقی محتسب ریجنل انچارج سکھر محمود علی شاہ نے عوام کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ عوام وفاقی اداروں بشمول سیپکو، سوئی گیس، اوجی ڈی سی ایل، نادرا،ریلویز، پوسٹ آفس، این ایچ اے، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، زرعی ترقیاتی بنک، نیشنل بنک، قومی بچت سینٹر اور دیگر کے خلاف شکایتیں وفاقی محتسب ریجنل آفس سکھر میں یا آن لائن ویب سائٹ www.mohtasib.gov.pk پر کی جاسکتی ہیں۔ شکایتی افراد کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہی فراہم کی جائے گی۔اور وفاقی محتسب ریجنل آفس سکھر اور لاڑکانہ ڈویڑن کے لوگوں کا وکیل بن کر ساٹھ(60) دنوں میں مفت انصاف مہیا کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔
سرکاری اداروں کی ناقص کارکردگی وفاقی محتسب کے پاس شکایتوں کے انبار لگ گئے
Jan 18, 2021