گوجر خان (نامہ نگار) چھوٹے بھائی نے فائرنگ کر کے اپنے سگے بہن بھائی کو موت کے گھاٹ اور والدہ کو شدید زخمی کر دیا۔ شام گئے قاتل نے بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ محمد قاسم ولد محمد اشرف نے تھانہ مندرہ میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ روز اپنی ہمشیرہ ناصرہ بی بی کے گھر کوری دولال آیا ہوا تھا۔ رات تقریباً سوا تین بجے دیکھا کہ حسن زیب اور احسن زیب آپس میں جھگڑ رہے تھے اسی اثناء میں احسن زیب نے پستول سے فائر کیا جو اسکے بڑے بھائی حسن زیب عمر24 سال کی کنپٹی پر لگا اس دوران اسماء زیب عمر19 سال نے بھائی کو برا بھلا کہا تو اسے بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ بیچ بچا کراتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آ کر ان کی والدہ اور میری ہمشیرہ ناصر ہ بی بی شدید زخمی ہو گئی جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ قاتل فرار ہو گیا۔ شام گئے کوری دو لال کے قریبی برساتی نالے سے پولیس کو نعش کی برآمدگی کی اطلاع ملی۔ نعش کی شناخت اپنے سگے بہن بھائی کو قتل کرنے والے احسن زیب کے نام سے ہوئی جس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ اعلیٰ پولیس حکام نے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام زاویوں پر تحقیقات اور فرانزک شواہد کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
گوجر خان گھریلو جھگڑے پر بہن بھائی قتل ،والدہ کو زخمی کر کے ملزم کی خود کشی
Jan 18, 2021