اسلام آباد (این این آئی) کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ عالمی برادری تہاڑ جیل ڈیتھ سیل میں قید ان کے شوہر کی زندگی کی ضمانت دے اور ان کی رہائی کو یقینی بنائے۔مشال ملک نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یاسین ملک کو اس وقت تہاڑجیل کے ڈیتھ سیل میں محبوس رکھا ہوا ہے، بھارت نے ان کے خلاف من گھڑت اور جھوٹے مقدمات قائم کر رکھے ہیں، وہ جیل میں شدید بیمار ہیں اور انہیں کوئی طبی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا رہی۔کشمیری لیڈر کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت یاسین ملک کا عزم و حوصلہ توڑنے کے لیے ان کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔مشال ملک نے کہا کہ کشمیری قیادت کو مسلسل جیل میں رکھنے سے جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہو سکتا، کشمیر اس خطے میں 2 ہمسائیہ ممالک کے درمیان نیو کلیئر فلیش پوائنٹ ہے، بھارت جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کا مرتکب ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو حراست میں رکھنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔مشال ملک نے کہا کہ میں عالمی برادری سے اپیل کرتی ہوں کہ میرے شوہر کو ضمیر کا قیدی قرار دیا جائے، عالمی برادری میرے شوہر کے تحفظ کے لیے اپنی ذمے داری پوری کرے۔
عالمی برادری یاسین ملک کی تہاڑ جیل سے رہائی یقینی بنائے:مشال ملک
Jan 18, 2021