لاہور‘ سیالکوٹ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا مقابلہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن سے ہے۔ یہ تبدیلی اور کپتان کا نیا پاکستان ہے، قوم لٹیروں کی چیخیں سن رہی ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلی عثمان بزدار نے 9سال پرانے معاہدوں پر قومی مفاد میں نظرثانی کرنے کی روایت قائم کی اور کم ریٹس پر دوبارہ معاہدے کرکے قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹروبس معاہدے پر 8سال بعد نظرثانی کی گئی۔ نیا معاہدہ 368روپے فی کلومیٹر کی بجائے213روپے فی کلومیٹر پرکیا گیا گزشتہ 10سالوں میں انٹی کرپشن نے صرف 43 کروڑ کی ریکوری کی جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے27 ماہ میں کرپٹ افراد سے 206 ارب روپے ریکور کرکے حکومتی خزانے میں جمع کروائے۔ دریں اثناء سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں نے تین سال قبل سیالکوٹ کے میڈیا کو کشمالہ طارق کے بارے میں نشاندہی کی تھی لیکن اپوزیشن میں ہونے کی وجہ سے میڈیا اس کو پیش نہ کر سکا۔ کشمالہ طارق کے ساتھ خواجہ محمد آصف کا کیا تعلق ہے، ہمارا معاشرہ اور مذہب اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔ یا آپ اس رشتے کے تقدس کو مانیں، اعلانیہ قبول کریں اور اگر ایسا نہیں ہے تو پھر آپ اس جرم کو قبول کریں۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا احتساب سے فرار کیلئے واویلا اور چیخیں جاری ہیں۔ اس سے انہیں نجات کسی صورت نہیں ملے گی۔ کیونکہ جمہوریت کے اندر جمہوریت اور احتساب لازم و ملزوم ہیں۔ اور جمہوریت کے اندر احتساب کا عمل چلنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا سعد رفیق نے میڈیا سے بات نہیں کی لگتا ہے اس کا اپنا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے۔ اسی لیے اس نے سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سافٹ ویئر بھی جلد اپ ڈیٹ ہو جائے گا
تحریک انصاف کا مقابلہ لوٹ مار ایسوسی ایشن سے‘ قوم انکی چیخیں سن رہی: فردوس عاشق
Jan 18, 2021