مظفرآباد(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئرمین، قائد حزب اختلاف(سینٹ) سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیرکا حل عصر حاضر کا بنیادی تقاضا ہے، عالمی طاقتیں حالات کی سنگینی کا ادراک کریں، اقوام متحدہ کواپنی قراردادوں پر عملدرامد کرکے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا فیصلہ کن کردارادا کرنا ہو گا، برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ جموں کشمیر کی سنگین صورتحال پر بحث ایک بہت بڑا بریک تھرو ہے جس میں بیرون ممالک مقیم کشمیری و پاکستانی تارکین وطن کا کردارقابل تعریف ہے جو ہرفورم پرکشمیریوں کی آواز کو بلند کرتے ہیں۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، اور ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی سے بات چیت کر رہے تھے۔ ایک گھنٹے سے زیادہ اس ملاقات میں تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے مسلم لیگ ن کے چیئرمین سینٹرراجہ محمد ظفرالحق کو اپنی تنظیم کے پلیٹ فارم سے کشمیریوں کے حق خودارادیت اورمقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستانی قابض فورسزکے ہاتھوں سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے ہونے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ سینٹر راجہ محمد ظفرالحق نے راجہ نجابت حسین اوراْن کی تحریکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیرپراْن کی تنظیم کے کام سے پوری طرح آگاہ ہیں اورا نہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اورانہیں یقین د لاتے ہیں کہ ان کے ساتھ اپنا کام جاری رکھنے میں ہرقسم کی رہنمائی اورتعاون کرتے رہیں گے۔
کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیرکا حل بنیادی تقاضا ہے:راجہ ظفرالحق
Jan 18, 2021