اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کے ٹو سر کرنے والی دس رکنی نیپالی کوہ پیما ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوہ پیما ٹیم نے عظیم ہمت ، بہادری اور مہارت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ موسم سرما میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کو سر کرنا بڑا اعزاز ہے۔پاکستان میں کوہ پیماں کی دلچسپی کی درجنوں چوٹیاں موجود ہیں پاکستان میں ہر سال کوہ پیمائوں کی درجنوں ٹیمیں کوہ پیمائی کے لیے آتی ہیں ۔ انہوں نے کہا حکومت تمام کوہ پیمائوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے متعدد بار خطرناک موسمی صورتحال سے دوچار کوہ پیمائوں کو ریسکیو کیا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان میں موسم سرما کے حوالے سے سیاحت کی زبردست صلاحیت موجود ہے ۔ علی امین گنڈاپور نے کہا گلگت بلتستان میں موسم سرما کے حوالے سے بھی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔موسم سرما میں سیاحت کے فروغ سے گلگت بلتستان کے عوام کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے ۔ علی امین گنڈاپورکی جانب سے ہسپانوی کوہ پیما سرجیو منگوٹ کی ہلاکت پر گہرے دکھ و رنج کا بھی اظہار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا پوری پاکستانی قوم دنیا کے ان باہمت کوہ پیمائوں کو سلام پیش کرتی ہے۔